میرا محمد ﷺ عظیم تر ہے

میرا محمد ﷺ عظیم تر ہے


✍️ از قلم : #عتیق_الرحمن_ثاقب

حضور اکرم ﷺ کی پیدائش، نہیں نہیں! بلکہ پیدائش سے قبل آپ کا گھرانہ آپ کے والدین آپ کا گھر غرضیکہ ہر اعتبار سے آپ کی پیدائش بے مثال ہے نا ان جیسا کوئی پیدا ہوا نہ پیدا ہوگا !

یوں ہی تو حسان بن ثابت نے وَ أَجْمَلَ مِنْكَ لَمْ تَلِدِ النِّسَاءُ (اے میرے حبیب ﷺ آپ جیسا خوبصورت کسی ماں نے نہیں پیدا نہیں کیا) نہیں کہا تھا ہائے ہائے کسی کے گھر ایسا حسین آ بھی نہیں سکتا تھا کیوں کہ قدرت کے خزانے میں یہی ایک لعل تھا، ارشادِ باری تعالیٰ ہے (لَقَدْ مَنَّ اللّہُ ____ الخ) یقیناً اللہ تعالیٰ نے ایمان والوں پر بڑا احسان کیا ہے کیونکہ (جب) اس نے ان میں سے ہی ایک عظیم نبی مبعوث فرمایا!

میرے حبیب بچپن سے جوانی، جوانی سے بڑھاپے ہر اعتبار سے ہر عمر میں ہر لحاظ سے نایاب ہیں، یہاں تک کہ بروز محشر بھی بے مثال ہوںگے!

پیدائش سے لے کر پردہ کرنے تک کی زندگی کو قرآن مقدس نے ایک آیت میں بیان کر دیا

لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّہِ أُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ°

اے میرے حبیب کے ماننے والو! تمہارے لیے نبی اکرم ﷺ کی زندگی بیش بہا نمونہ اور آئیڈیل ہے!

امی عائشہ صدیقہ طاہرہ طیبہ رضی اللہ تعالی عنہا سے پوچھا گیا کہ آپ ﷺ کیسے تھے امی جان نے جواب میں سوال کیا ، کیا تم لوگ قرآن نہیں پڑھتے؟ عرض کیا پڑھتے ہیں تو امی جان نے فرمایا!

قرآن کا ہر لفظ میرے نبی کی سیرت ہے!

اللہ اکبر

آپ کے معاملات و انتظامات، سفر و حضر، قیام و طعام، اکل و شرب، گفتگو و وعظ، منہج و مصرف، سونا جاگنا، شادی کرنا، خطبہ ارشاد فرمانا، جنگ کرنا، صلح کرنا، غرض آپ کی حیات طیبہ کا ہر ورق ہر لمحہ ہم مسلمانوں کے لیے ایک نعمت ہے، آپ کا اپنی بیویوں سے سلوک، بچوں اور نوجوانوں سے معاملات، بوڑھوں بزرگوں سے ملنا جلنا اہل ایمان کے لیے گوہر نایاب ہے!

جہاں آپ ایک کامیاب باپ تھے وہیں ایک جانباز قائد اور سپہ سالار بھی رہے، ایک طرف آپ کامیاب والی تھے تو دوسری طرف ایک دلاور سپاہی، جنگ میں آپ بہادری سے لڑنے والے اور امن میں آپ نرمی کرنے والی ماں سے زیادہ محبت کرنے والے!

میرے پاس الفاظ ہی نہیں کہ میں آپ ﷺ کی زندگی کا کوئی ایک لمحہ بھی سپرد قرطاس کروں، میں سراسر عیب ہوں وہ سراسر نور ہے

میں بندگی کے ماتھے پر دھبہ اور وہ سراپا پروردگار کی بندگی

بحیثیت شوہر آپ انصاف کرنے والے بحیثیت مدرس عدل و انصاف کا درس دینے والے بحیثیت منصف رب العالمین کا قانون دنیا پر لاگو کرنے والے!

تریسٹھ برس کی عمر میں کرۂ ارض پر نبوت کا حق ادا کرنے والے اس نبی کا‌ امتی ہونا میرے لیے باعث مسرت ہے اور ان کے لائے ہوئے دین کو ماننے والوں میں سے ہونا میرے لیے ایسی نعمت ہے کہ تاقیامت سربسجود رہ کر بھی جس کا شکر ادا نہیں کر سکتا!

غلاموں سے لے کر آقاؤں تک کے لیے میرا نبی رحمت، ایسا‌ ناخدا جس نے انسانوں کو انسانیت کا سبق پڑھایا جس نے انسانوں کو جینے کا طریقہ بتایا جس نے انسانوں کو انسانیت کی معراج پر پہنچایا !

جو قوم باپ کے مرنے کے بعد اپنی ماں سے نکاح کر لیتی تھی، بیٹی کو زندہ درگور کر دیتی تھی میرے نبی کے قدموں میں جھکی تو قیصر و کسریٰ کے ایوانوں کو زمین بوس کر دیا، جو قوم کعبے کی حرمت کو پامال کرتی تھی میرے نبی کے در پر پہنچی تو مقدس کتاب قرآن کریم کی آیات میں قیامت تک کے لیے زندہ و جاوید ہوگئی !

جس قوم کو کھانے پینے کی تمیز نہیں تھی وہ قوم سارے جہان کی استاذ بن گئی

خود نہ تھے جو راہ پر اوروں کے ہادی بن گئے

کیا نظر تھی جس نے مردوں کو مسیحا کر دیا

قلم میرا قاصر زباں میری عاجز

محمد ﷺ کی عظمت بتاؤں میں کیسے

قاسم نانوتوی رحمہ اللہ دیار حبیب ﷺ پہنچے تو جوتے نکال دیے کہنے والے نے کہا حضرت یہ عرب کی پتھریلی زمین ہے پاؤں زخمی ہوجائیں گے، کہنے لگے

اس زمین پر میرے حبیب ﷺ کے جوتے لگے تھے قاسم نانوتوی کا گستاخ جوتا یہاں لگے میری غیرت گوارا نہیں کرتی

ہائے ہائے یہ عشق رسول!

میں تو اپنی بات کو بس اس بات پر ختم کروں گا کہ

اگر سارے سمندر سیاہی بن جائیں، سارے درخت قلم اور سارا جہاں زمین و آسمان جنت و جہنم سب کچھ قرطاس بن جائے اور پھر اس پر میرے حبیب ﷺ کی تعریف اور سیرت لکھنا شروع کر دی جائے تو خدا کی قسم سب کچھ ختم ہو جائے گا لیکن میرے حبیب ﷺ کی زندگی کے ایک لمحے کی قیمت ادا نہ ہوسکے گی

اے میرے حبیب ﷺ

کَأَنَّکَ قَدْ خُلِقْتَ کَمَا تَشَاءُ

جاری۔۔۔۔۔۔

--------------کاروان علم--------------

مقالات و مضامین

تحاریر بھیجنے کے لئے ای میل آڈی

mdalij802@gmail.com

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی