آدمی اور انسان میں فرق-وضاحت

 آدمی اور انسان میں فرق - وضاحت


تحریر :  مسعود جاوید


ایک صاحب نے لکھا کہ یہ آپ نے کیا مہمل بات لکھ دی کہ  آدمیوں کی آبادی بڑھتی جا رہی ہے اور انسانوں کی آبادی گھٹتی جا رہی ہے۔ کیا آدمی اور انسان میں فرق ہے؟ 

اس پر میرا جواب مندرجہ ذیل ہے : 


لغوی اعتبار سے آدم کی اولاد آدمی، جبکہ انسان بحیثیت مفہوم وہ ہے جس میں انسیت یعنی مل جل کر رہنے کی جبلت ہو۔ 


آدمی اور انسان کے درمیان ایسا ہی فرق ہے جیسا فرق  literate اور educated  میں ہے۔ پڑھا لکھا یا ہر وہ شخص جو لکھنا پڑھنا جانتا ہے وہ تعلیم یافتہ literate ہے مگر ہر تعلیم یافتہ شخص ضروری نہیں تربیت یافتہ educated بھی ہو۔ 

بدقسمتی سے آج کے دور میں دانشگاہوں سے زیادہ تر تعلیم یافتہ نکل رہے ہیں اور بہت کم تعداد تربیت یافتہ کی ہوتی ہے۔ تربیت یافتہ سے مراد اچھے اخلاق سے آراستہ اور مہذب شخص۔

آج کل تعلیم کا ایک ہی ہدف ہوتا ہے اور وہ یہ کہ اس کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ پیسے کماۓ جائیں۔ اسی لئے والدین اور طلباء کی اکثریت کا رجحان اور پہلی پسند job oriented کورسز ہوتے ہیں۔ یعنی تعلیم برائے ملازمت اور روزگار۔ تعلیم برائے اخلاق آداب اور تہذیب کا زمانہ، زمانہ ہوا ، لد گیا۔ اب بہت کم ایسے اسکول و کالج ہیں جن کے نصاب میں اخلاقیات مورل ایجوکیشن شامل ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ بڑوں کا احترام اور چھوٹوں پر شفقت کا مزاج عنقا ہوتا جا رہا ہے۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی