دس اکتوبر کو انتخاب امیر کے اجلاس کے لیے ارکان شوریٰ نے لیا تیاریوں کا جائزہ امارت شرعیہ میں ارکان شوریٰ کی نائب امیر شریعت ، قائم مقام ناظم اور دیگر ذمہ داروں کے ساتھ نشست

 دس اکتوبر کو انتخاب امیر کے اجلاس کے لیے ارکان شوریٰ نے لیا تیاریوں کا جائزہ

امارت شرعیہ میں ارکان شوریٰ کی نائب امیر شریعت ، قائم مقام ناظم اور دیگر ذمہ داروں کے ساتھ نشست

(پھلواری شریف : 21ستمبر )ارکان شوریٰ کی اکثریت نے دس اکتوبر 2021کو امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ کے آٹھویں امیر شریعت کے انتخاب کی تاریخ طے کر دی ہے ۔ نائب امیر  شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی کے ساتھ ساتھ امارت شرعیہ اور اس کے ملحقہ تمام اداروں کے ذمہ داروں و کارکنان نے شوریٰ کے اس فیصلہ کی تائید وتوثیق کر دی ہے ، امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ ٹرسٹ اور مجلس عاملہ امارت شرعیہ کے ارکان کی اکثریت نے بھی دس اکتوبر کے اجلاس کو منظوری دے دی ہے ۔شوریٰ کے فیصلے کے مطابق امارت شرعیہ میں اجلاس کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں ۔ اس سلسلہ میں آج مجلس شوریٰ کے معزز اراکین نے نائب امیر شریعت ، قائم مقام ناظم امارت شرعیہ اور دیگر ذمہ داروں کے ساتھ امارت شرعیہ کے میٹنگ ہال میں ایک مشاورتی نشست میں شرکت کی ۔ اس نشست میں دس اکتوبر کے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اوراجلاس کے تعلق سے کئی اہم امور طے ہوئے ۔

میٹنگ میں طے ہوا کہ قائم مقام ناظم صاحب اپنے دستخط سے حسب فیصلہ ارکان شوریٰ خطوط ارسال کریں اور دوسرے کام اسی طرح انجام دیں جو کہ نصف سے زائد ارکان شوری نے ان کو تحریری طور پر دیے ہیں ۔ یہ بھی طے ہوا کہ ملک کے چند موقر علمائ کرام کو بطور مشاہد اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا جائے۔ اکابر علمائ کرام کے نام یہ دعوت نامہ دستی ایک نمائندہ وفد کی معرفت بھیجا جائے ، جس کی قیادت نائب ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی صاحب کریں گے ۔ میٹنگ میں یہ بھی طے ہوا کہ اجلاس کی تیاری اور اس کے نظم و نسق کو بہتر طریقہ سے انجام دینے کے لیے جلد از جلد ایک مجلس استقبالیہ بنا لی جائے ۔ مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب قائم مقام ناظم امارت شرعیہ نے شرکاء کو بتایا کہ شوریٰ کے فیصلہ پر عمل در آمد کا آغاز ہو چکا ہے ۔حضرت نائب امیر شریعت کی دلی خواہش ہے کہ 10 اکتوبر کو امیر شریعت ثامن کا انتخاب بہترماحول میں ہو جائے ، حضرت نائب امیر شریعت کے مفید مشورے کی روشنی میں ہم کام کر رہے ہیں ، قائم مقام ناظم صاحب نے بتایا کہ بعض لوگ نائب امیر شریعت کی پرانی ویڈیو جاری کر کے یہ تأثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ نائب امیر شریعت مورخہ دس اکتوبر کے اجلاس پر راضی نہیں ہیں ، جو بالکل غلط ہے ، مجھ سے حضرت نائب امیر شریعت نے کہا ہے کہ دفتر کی طرف سے آپ اس کی تردید کر دیں ، ایسے لوگ فتنہ پیدا کر رہے ہیں ، ان شائ اللہ ہر حال میں اجلاس مورخہ دس اکتوبر 2021 کو طے شدہ مقام پر ہو گا۔ ملک کے وہ اکابر علماء جن پر امت کا بڑی حد تک اعتما د ہے، ان میں کچھ اہم شخصیات جیسے حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی ناظم دارا لعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ و صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، حضرت مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی مہتم دار العلوم دیوبند کے علاوہ کئی موقرعلماء کرام کے نام بطور مشاہد شرکت کے لیے حضرت نائب امیر شریعت نے خطوط لکھے ہیں ، جسے لےکر کل مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی صاحب ایک وفد کے ساتھ لکھنؤ دیوبند اور سہارن پور کے لیے جائیں گے۔

 اور ارباب حل و عقد کے نام خطوط تیار کر لیے گئے ہیں، وہ خط بھی حضرت نائب امیر شریعت نے دیکھ کر ترسیل کی ہدایت دی ہے ، اور آج ہی سے ان کی ترسیل شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت و انتظامیہ کے جن افسران اور شعبوں میں اجلاس کی اجازت کے لیے اور تحفظ و نظم و نسق کی یقین دہانی کے لیے خطوط بھیجنے تھے وہ بھی بھیجے جا چکے ہیں ۔جلسہ گاہ کے تعلق سے ضروری کام شروع ہو چکے ہیں ۔

آج کی اس مشاورتی نشست میں نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمدشمشاد رحمانی صاحب اورمولانا محمد شبلی القاسمی صاحب قائم مقام ناظم  کے علاوہ ارکان شوریٰ میں سے مولانا محمد انظار عالم قاسمی قاضی شریعت، مولانامحمد ابو الکلام شمسی، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن قاسمی ، مولانا مفتی محمد ثنائ الہدیٰ قاسمی ، مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی، جناب سمیع الحق صاحب، مولانا مفتی محمد سہراب ندوی، مولانا عتیق اللہ قاسمی،  ، مولانا محمد عالم قاسمی ، مولانا قمر انیس قاسمی ، مولانا محمد منظور عالم قاسمی ، مولانا سہیل احمد ندوی، جناب جاوید اقبال ایڈووکیٹ اور جناب راغب احسن صاحب ایڈووکیٹ شریک ہوئے۔ان ارکان شوریٰ کے علاوہ مولانا سہیل اخترقاسمی نائب قاضی شریعت، مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت، مولانا احمد حسین قاسمی معاون ناظم ، مولانا محمد ابو الکلام شمسی آفس انچارج ، مولانا نصیرالدین مظاہری وغیرہ ذمہ داران و کارکان امارت شرعیہ نے بھی اس نشست میں شرکت کی ۔ آخر میں حضرت نائب امیر شریعت کی دعا پر نشست ختم ہوئی ۔

         المرسل

                

        محمد ابو الکلام شمسی  

 آفس سکریٹری امارت شرعیہ پھلوار ی شریف، پٹنہ

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی